ایف بی آر کی سیلز ٹیکس رولز میں بڑی ترمیم، متعدد الیکٹریکل اشیاء پر ٹیکس اسٹیمپ لازمی

ایف بی آر کی سیلز ٹیکس رولز میں بڑی ترمیم، متعدد الیکٹریکل اشیاء پر ٹیکس اسٹیمپ لازمی

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سیلز ٹیکس رولز میں ترمیم کرتے ہوئے گھریلو الیکٹریکل سامان اور اسٹوریج بیٹریوں کو نئے قواعد کے دائرے میں شامل کر دیا ہے۔ ترمیم کے تحت متعدد اشیاء پر ٹیکس اسٹیمپ لگانا اور اسے فعال کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

ایف بی آر کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ایئر کنڈیشنرز، فریج، فریزر، واشنگ مشین اور ٹیلی ویژن پر نئے قواعد لاگو ہوں گے۔ اسٹوریج بیٹریاں بھی اس نظام میں شامل ہوں گی، جبکہ ان کے پرزے اس سے مستثنیٰ رہیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق درآمدی مصنوعات پر بھی ٹیکس اسٹیمپ لگانا اور کلیئرنس سے قبل اسے فعال کرنا ضروری ہوگا۔ اسٹیمپ کے بغیر درآمدی سامان کی کسٹم کلیئرنس نہیں کی جائے گی۔ ریٹیل اور آٹو کمپنیوں کو فراہم کی جانے والی اسٹوریج بیٹریاں بھی ان قواعد کے تحت آئیں گی، جبکہ سرکاری ملکیتی اداروں کو بھی نئے ضوابط میں شامل کر دیا گیا ہے۔

ایف بی آر کے مطابق ٹیکس اسٹیمپ مصنوعات اور ان کی پیکنگ دونوں پر لگایا جائے گا۔ ایک لائسنس صرف ایک مخصوص پروڈکٹ کی ٹریکنگ کے لیے استعمال ہو سکے گا اور لائسنس ہولڈر کسی دوسری پروڈکٹ کی نگرانی نہیں کر سکے گا۔ یہ پابندی پہلے سے جاری لائسنسوں پر بھی لاگو ہوگی۔

ترمیم کے تحت لائسنس حاصل کرنے کے لیے کمپنی ہونے کی شرط ختم کر دی گئی ہے اور اب کوئی بھی اہل درخواست گزار لائسنس کے لیے درخواست دے سکے گا۔ لائسنس ہولڈر ٹیکس اسٹیمپ سسٹم کی تنصیب اور مرمت کا بھی ذمہ دار ہوگا۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ٹریکنگ سسٹم کا تمام ڈیٹا حکومت پاکستان کی ملکیت ہوگا، جبکہ لائسنس کی مدت ختم ہونے پر متعلقہ ڈیٹا اور کوڈز ایف بی آر کے حوالے کرنا ہوں گے۔

More News