الہان عمر سمیت امریکی ایوان نمائندگان میں 4 مسلمان امیدوار کامیاب
امریکی وسط مدتی انتخابات میں چار مسلمان امیدوار ایوان نمائندگان کی نشستیں جیتنے میں کامیاب ہوگئے، جن میں الہان عمر، رشیدہ طلیب، آندرے کارسن اور آدم حماوی شامل ہیں۔
ڈیموکریٹ امیدوار الہان عمر نے ریاست مینیسوٹا کے انتخابی حلقے سے مسلسل پانچویں بار کامیابی حاصل کرلی۔ انہوں نے ریپبلکن حریف جان نیگل کو شکست دے کر ایوان نمائندگان میں اپنی نشست برقرار رکھی۔ ان کا حلقہ منی ایپلس شہر اور اس کے نواحی علاقوں پر مشتمل ہے۔
الہان عمر کی کامیابی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب انہیں سیاسی مخالفت اور امیگریشن فراڈ سے متعلق تحقیقات کا سامنا بھی رہا۔ تاہم وہ ایک بار پھر اپنے حلقے کے ووٹروں کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں۔
دوسری جانب نیوجرسی سے ڈیموکریٹ امیدوار آدم حماوی پہلی مرتبہ امریکی ایوان نمائندگان کے رکن منتخب ہوگئے۔
مشی گن سے رشیدہ طلیب اور انڈیانا سے آندرے کارسن بھی اپنی نشستیں جیتنے میں کامیاب رہے۔
ان کامیابیوں کے بعد امریکی کانگریس میں مسلمان نمائندوں کی موجودگی برقرار رہے گی، جبکہ آدم حماوی پہلی بار ایوان نمائندگان کا حصہ بنیں گے۔








