این ڈی ایم اے کی ممکنہ موسمی صورتحال بارے جائزہ رپورٹ جاری

این ڈی ایم اے کی ممکنہ موسمی صورتحال پر جائزہ رپورٹ جاری، مختلف علاقوں میں بارش اور گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے یکم سے 7 جون تک ملک بھر میں متوقع موسمی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی جائزہ رپورٹ جاری کر دی ہے۔ رپورٹ میں مختلف علاقوں میں بارش، گرمی کی شدت، لینڈ سلائیڈنگ، گلیشیائی جھیلوں کے سیلاب اور جنگلات میں آگ لگنے کے خدشات سے متعلق اہم پیش گوئیاں اور ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ ہفتے کے دوران ملک کے جنوبی اور مشرقی علاقوں میں کمزور مرطوب ہواؤں کا ایک سلسلہ داخل ہوگا جبکہ مغربی ہواؤں کا ایک الگ نظام شمالی علاقوں کو متاثر کرے گا۔ ان موسمی نظاموں کے باعث مختلف علاقوں میں موسم کی صورتحال تبدیل ہونے کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق یکم جون کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا، تاہم پنجاب کے مختلف علاقوں بشمول گلیات، خطہ پوٹھوہار، رحیم یار خان اور راجن پور میں بارش متوقع ہے۔ اسی طرح شمالی بلوچستان کے اضلاع بارکھان اور کوہلو میں بھی بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 2 جون کو دن کے وقت ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی اور خشکی برقرار رہے گی، تاہم شام کے اوقات میں پنجاب اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ لاہور، سیالکوٹ، گجرات، پوٹھوہار اور شمالی بلوچستان کے کئی علاقوں میں بارش کے امکانات زیادہ ہیں۔

رپورٹ کے مطابق 3 اور 4 جون کے دوران شمالی بلوچستان، جنوبی پنجاب اور شمالی علاقوں میں موسم ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب کے میدانی علاقوں میں درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ متوقع ہے۔ 5 سے 7 جون کے دوران بالائی خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر، خطہ پوٹھوہار اور مشرقی پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شمالی علاقوں میں بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ، ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے اور سفری مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔ گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے سے سیلاب آنے کا خطرہ بھی برقرار ہے۔ شسپر، گلکن، درکوٹ، ریشن، بدسوات اور دیگر گلیشیائی علاقوں کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

ادارے نے بلوچستان، خیبرپختونخوا، پنجاب اور کشمیر کے جنگلات میں آتشزدگی کے بڑھتے ہوئے خطرات سے بھی خبردار کیا ہے۔ عوام اور سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے پہلے موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور معلوم کریں اور جنگلات میں آگ جلانے یا جلتی ہوئی اشیا پھینکنے سے گریز کریں۔

این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر ملک بھر میں موسم، سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر ممکنہ خطرات کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

More News

Crime

خیبرپختونخوا پولیس کا مائننگ ایکسپلوسیو کے دہشتگردی میں استعمال کو روکنے کیلئے حکمت عملی بنانے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا پولیس کا مائننگ بارودی مواد کے دہشتگردی میں استعمال کی روک تھام کے لیے نئی حکمت عملی تیار کرنے کا فیصلہ پشاور:سید عدنان خیبرپختونخوا

Read More »