خیبر پختونخوا میں آندھی اور بارشوں کی پیشگوئی؛ پی ڈی ایم اے کا ہائی الرٹ جاری

خیبر پختونخوا میں آندھی، ژالہ باری اور بارشوں کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے کا ہائی الرٹ جاری

پشاور: پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں آئندہ چند روز کے دوران تیز ہواؤں، آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارشوں اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی کرتے ہوئے صوبے بھر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ادارے کے مطابق یہ موسمی سلسلہ کل سے شروع ہو کر 5 جون تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں معمولات زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بالائی اضلاع چترال، اپر اور لوئر دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بونیر، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں شدید بارشوں اور ژالہ باری کے امکانات موجود ہیں۔ ان علاقوں میں بارش کی شدت زیادہ ہونے کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ بھی پیدا ہو سکتا ہے۔

ادارے کے مطابق پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، کرم، اورکزئی، خیبر، باجوڑ، مہمند، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سمیت دیگر اضلاع میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی مقامات پر پانی جمع ہونے اور آمدورفت میں مشکلات پیش آنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے نتیجے میں چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، بونیر، ایبٹ آباد اور کوہستان میں اچانک سیلابی ریلوں کا خطرہ موجود ہے۔ اسی طرح پشاور، مردان اور نوشہرہ جیسے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ یعنی شہری سیلاب کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، جس سے سڑکوں، بازاروں اور رہائشی علاقوں میں پانی جمع ہو سکتا ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے باعث کمزور اور بوسیدہ عمارتوں، بجلی کے کھمبوں، درختوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس کے علاوہ کھڑی فصلوں اور باغات کو بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر کسانوں کو اپنی فصلوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ امدادی ٹیموں، مشینری اور دیگر وسائل کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ اہم شاہراہوں کو کھلا رکھنے، نکاسی آب کے نظام کو فعال بنانے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل کیے جائیں۔

عوام اور سیاحوں کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ندی نالوں اور سیلابی پانی کے قریب جانے سے بچیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی اطلاع فوری طور پر پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر چوبیس گھنٹے فعال ہے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔

More News