گورنر خیبرپختونخوا کی کوہاٹ میں پولیس گاڑی پر فائرنگ کی مذمت، رپورٹ طلب

گورنر خیبرپختونخوا کی کوہاٹ میں پولیس گاڑی پر فائرنگ کی مذمت، رپورٹ طلب

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ضلع کوہاٹ میں پولیس گاڑی پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکار صوبے میں امن و امان کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر فرائض انجام دے رہے ہیں۔ پولیس فورس پر حملے نہایت افسوسناک ہیں اور ایسے واقعات سے دہشت گردی کے خلاف عزم کمزور نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ واقعے کی مکمل تفصیلات فراہم کی جائیں اور حملے میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے۔ گورنر نے زخمی پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے پر بھی زور دیا۔

واضح رہے کہ کوہاٹ اور کرک کے درمیان دربوکچ جالندھر بانڈہ کے علاقے میں پولیس پارٹی اس وقت فائرنگ کی زد میں آگئی جب وہ مبینہ طور پر دریائے سندھ میں سونے کی غیرقانونی کان کنی کے خلاف کارروائی کے لیے جارہی تھی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے میں پولیس اہلکار شہید اور زخمی ہوئے، جبکہ پولیس گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کے بعد اضافی نفری طلب کرلی گئی اور علاقے میں سکیورٹی سخت کردی گئی۔

 

More News