گرمی بڑھے گی یا بارشیں ہوں گی؟ محکمۂ موسمیات کا اہم الرٹ جاری
اسلام آباد: محکمۂ موسمیات نے اگست سے اکتوبر 2026 تک ملک بھر کی موسمی صورتحال سے متعلق اہم پیش گوئی جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس عرصے کے دوران بیشتر علاقوں میں بارشیں معمول سے کم جبکہ درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی مقدار معمول سے کم رہ سکتی ہے، جبکہ شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں میں بھی بارشوں میں کمی متوقع ہے۔ البتہ گلگت بلتستان میں بارشوں کا سلسلہ معمول کے مطابق رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اگست کے دوران درجہ حرارت میں اضافے کے باعث پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی، ہیٹ ویو اور ہیٹ اسٹریس کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق کم بارشوں کے باعث خریف کی فصلوں، آبپاشی کے نظام اور پانی کے ذخائر پر منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے، جس سے کسانوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
محکمۂ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شمالی علاقوں میں گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کے باعث گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلاب آنے کے امکانات بھی موجود ہیں۔
دوسری جانب جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے بعض پہاڑی علاقوں میں شدید بارشوں کی صورت میں ندی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے، جبکہ بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی برقرار رہے گا۔
محکمۂ موسمیات نے شہریوں، کسانوں اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسمی حالات پر گہری نظر رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔








