حافظ نعیم الرحمان کا پٹرولیم قیمتوں میں کمی کا مطالبہ، 12 ربیع الاول کے بعد ملک گیر ہڑتال کا اعلان
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرنا ہوگی، جبکہ جماعت اسلامی کی احتجاجی جدوجہد بھرپور انداز میں جاری ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آٹا اور چینی مافیا کی موجودگی میں ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ باہر نکلیں اور جماعت اسلامی کی جدوجہد کا حصہ بنیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسانوں کو سستی کھاد دستیاب نہیں، جبکہ عوام کے پیسوں سے سرکاری افسران بڑی گاڑیاں استعمال کر رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے اعلان کیا کہ 12 ربیع الاول کے بعد ملک گیر ہڑتال کی جائے گی۔ ان کے مطابق آئندہ مذاکرات صرف دھرنا ختم کرنے کی یقین دہانیوں تک محدود نہیں ہوں گے بلکہ احتجاج اسی وقت ختم کیا جائے گا جب حکومت جماعت اسلامی کے مطالبات عملی طور پر تسلیم کرے گی۔
انہوں نے پٹرولیم لیوی کو بھتہ ٹیکس قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔ حافظ نعیم الرحمان نے خبردار کیا کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو اسلام آباد کی طرف مارچ بھی کیا جائے گا۔
جماعت اسلامی کے مطابق پٹرولیم لیوی کے خلاف ملک بھر میں گورنر ہاؤسز کے باہر جاری دھرنے آٹھویں روز میں داخل ہوگئے ہیں۔








