خواتین اپنی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنے میں احتیاط کریں، ملزمان بلیک میل کرتے ہیں، محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خواتین کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی تصاویر اور ویڈیوز کسی کے ساتھ شیئر کرنے میں احتیاط کریں، کیونکہ بعض ملزمان ان تصاویر اور ویڈیوز کو استعمال کرکے انہیں بلیک میل کرتے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے دفتر میں عوامی مسائل کو سمجھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سائبر کرائم کے پاس بچیوں کو ہراساں کرنے سے متعلق بڑی تعداد میں شکایات سامنے آرہی ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے ماؤں، بہنوں اور بچیوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی ذاتی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنے کے معاملے میں محتاط رہیں تاکہ انہیں بلیک میلنگ اور آن لائن ہراسانی سے محفوظ رکھا جاسکے۔
محسن نقوی نے آن لائن مالی فراڈ سے بچنے کے لیے بھی شہریوں کو خبردار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شخص آن لائن پیسے مانگے تو تصدیق کے بغیر رقم منتقل نہ کریں، چاہے وہ بیماری یا کسی ہنگامی صورتحال کا حوالہ ہی کیوں نہ دے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بچیوں اور عام شہریوں کو سائبر کرائم، آن لائن ہراسانی اور مالی فراڈ سے محفوظ رکھنے کے لیے آگاہی مہم شروع کی جائے گی۔








