خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 11 دہشت گرد ہلاک
خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے مختلف خفیہ اطلاعات پر مبنی کارروائیوں کے دوران 11 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران دتہ خیل اور شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کو نشانہ بنایا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گرد علاقے میں قتل، اغوا اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث تھے۔ فورسز نے کامیاب آپریشنز کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر سامان بھی برآمد کیا۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ عناصر علاقے میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے اور دہشت گردی کی کارروائیوں میں سرگرم تھے۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہیں تاکہ کسی بھی خطرے کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
ماہرین کے مطابق خیبرپختونخوا اور خصوصاً قبائلی اضلاع میں حالیہ آپریشنز دہشت گرد عناصر کے خلاف ریاستی عزم کا واضح اظہار ہیں۔ سیکیورٹی ادارے مسلسل ان علاقوں میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں کر رہے ہیں تاکہ امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
عوامی حلقوں نے سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایسے آپریشنز سے دہشت گرد نیٹ ورکس کمزور ہوں گے اور علاقے میں امن کی بحالی میں مدد ملے گی۔








