خیبرپختونخوا پولیس کی تنخواہوں میں اضافے اور سکیورٹی الاؤنس کی سمری گورنر کو ارسال

خیبرپختونخوا پولیس کی تنخواہوں میں اضافے اور سکیورٹی الاؤنس کی سمری گورنر کو ارسال

پشاور: خیبرپختونخوا پولیس کی تنخواہوں میں اضافے، سکیورٹی چیلنج الاؤنس کی فراہمی اور جدید اسلحے سمیت ضروری سازوسامان کی خریداری سے متعلق سمری منظوری کے لیے گورنر خیبرپختونخوا کو ارسال کر دی گئی ہے۔

سمری میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس گزشتہ تین دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف ہے اور اہلکاروں نے اس دوران بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ اس کے باوجود صوبے کی پولیس کی تنخواہیں دیگر صوبوں کے مقابلے میں کم ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے۔

تجویز کے مطابق جنوبی اضلاع، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، کوہاٹ ریجن اور تمام ضم شدہ اضلاع کے پولیس اہلکاروں کو بنیادی تنخواہ کا 120 فیصد سکیورٹی چیلنج الاؤنس دینے کی سفارش کی گئی ہے۔

اسی طرح دیگر آباد اضلاع کے پولیس اہلکاروں کے لیے بنیادی تنخواہ کے 100 فیصد جبکہ ہزارہ ریجن کے اہلکاروں کے لیے 75 فیصد سکیورٹی چیلنج الاؤنس تجویز کیا گیا ہے۔

سمری کے مطابق ان تجاویز پر عمل درآمد کی صورت میں ماہانہ 5 ارب 15 کروڑ 90 لاکھ روپے سے زائد کے اضافی اخراجات متوقع ہیں۔

اس کے علاوہ پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور سکیورٹی انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے جدید اسلحے، ٹرانسپورٹ اور حفاظتی سامان کی خریداری کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے مالی سال 2026-27 کے مختص بجٹ کے اجرا کی درخواست کی گئی ہے۔

تاہم، تنخواہوں میں اضافے اور الاؤنسز کی تجاویز پر حتمی فیصلہ منظوری کے بعد ہی ہوگا۔

More News