پاکستان، انگلینڈ ون ڈے: پی سی بی کا 25 اکتوبر کو بریسٹ کینسر آگاہی ڈے منانے کا اعلان

پاکستان، انگلینڈ ون ڈے: پی سی بی کا 25 اکتوبر کو بریسٹ کینسر آگاہی ڈے منانے کا اعلان

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 25 اکتوبر کو پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل میچ کو بریسٹ کینسر سے آگاہی کے لیے مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پنک ربن مہم کے تحت خصوصی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

پی سی بی کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف میچ میں خصوصی گلابی کٹ پہنے گی، جبکہ انگلینڈ کی ٹیم، میچ آفیشلز اور کمنٹیٹرز کو بھی گلابی ربن پہننے کی دعوت دی جائے گی۔ میچ کے دوران گلابی اسٹمپس استعمال ہوں گی اور اسٹیڈیم کی اسکرینز اور ایل ای ڈی بورڈز پر آگاہی پیغامات نشر کیے جائیں گے۔

میچ شروع ہونے سے دو گھنٹے قبل پنک ربن مہم کی خصوصی سرگرمیاں شروع ہوں گی۔ قومی کرکٹرز ویڈیو پیغامات کے ذریعے چھاتی کے سرطان کی بروقت تشخیص اور علاج کی اہمیت اجاگر کریں گے۔

پی سی بی نے اس مہم کے لیے خصوصی گلابی شرٹس بھی متعارف کرائی ہیں، جو 19 اکتوبر سے قذافی اسٹیڈیم کی مرچنڈائز شاپ اور آن لائن دستیاب ہوں گی۔

دوسری جانب پنک ربن بریسٹ کینسر ٹرسٹ ہسپتال لاہور میں 24 اور 26 اکتوبر کو شائقین کے لیے مفت اسکریننگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید کے مطابق کرکٹ کی مقبولیت کو بریسٹ کینسر سے آگاہی، بروقت تشخیص اور علاج کا پیغام عام کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ پنک ربن پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمر آفتاب نے بھی اس اشتراک کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک آگاہی پہنچانے اور مستحق خواتین کے علاج میں معاونت کا اہم موقع قرار دیا ہے۔

More News