خیبرپختونخوا کی تحصیل میونسپل انتظامیہ کے لیے ایک ارب 58 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کرنے کی منظوری

خیبرپختونخوا کی تحصیل میونسپل انتظامیہ کے لیے ایک ارب 58 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کرنے کی منظوری

پشاور سٹی سب سے زیادہ فنڈز حاصل کرنے والی تحصیل قرار، کوہاٹ، لکی مروت، مانسہرہ، پہاڑپور اور ٹانک کے لیے بھی کروڑوں روپے مختص، محکمہ خزانہ کا نوٹیفکیشن جاری۔

پشاور:خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کی مختلف تحصیل میونسپل انتظامیہ کے مالی مسائل اور ترقیاتی و انتظامی ضروریات پوری کرنے کے لیے ایک ارب 58 کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی ہے۔

محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مالی سال 2026-27 کے دوران مختلف تحصیل میونسپل انتظامیہ کے لیے فنڈز کی دوبارہ تخصیص کی منظوری دی گئی ہے، جس کے تحت مجموعی طور پر ایک ارب 58 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ٹی ایم اے پشاور سٹی کے لیے سب سے زیادہ 20 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ ٹی ایم اے کوہاٹ، لکی مروت، مانسہرہ، پہاڑپور اور ٹانک کے لیے چار، چار کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

اسی طرح ٹی ایم اے نوشہرہ کے لیے تین کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ مردان، تخت بھائی، سرائے نورنگ اور باری کوٹ سمیت صوبے کی دیگر تحصیل میونسپل انتظامیہ کے لیے بھی کروڑوں روپے کے فنڈز منظور کیے گئے ہیں۔

محکمہ خزانہ کے مطابق منظور شدہ فنڈز اکاؤنٹنٹ جنرل اور متعلقہ ضلعی اکاؤنٹ افسران کے ذریعے متعلقہ پی ایل اے اکاؤنٹس میں منتقل کیے جائیں گے تاکہ تحصیل میونسپل انتظامیہ اپنے مالی اور انتظامی امور بہتر انداز میں چلا سکیں۔

حکومتی فیصلے کے تحت فنڈز کی یہ فراہمی مقامی سطح پر بلدیاتی اداروں کی مالی ضروریات پوری کرنے اور شہری سہولیات کی بہتری کے لیے اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔

More News