خیبرپختونخوا کے خستہ حال اور خطرناک سکولوں سے طلبہ کی فوری منتقلی کا حکم، محکمہ تعلیم کا ہنگامی مراسلہ جاری

خیبرپختونخوا کے خستہ حال اور خطرناک سکولوں سے طلبہ کی فوری منتقلی کا حکم، محکمہ تعلیم کا ہنگامی مراسلہ جاری

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے بھر کے خستہ حال اور خطرناک قرار دیے گئے سرکاری سکولوں میں زیرتعلیم طلبہ کی حفاظت کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر محفوظ عمارتوں اور کلاس رومز میں منتقل کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔

محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا نے اس حوالے سے تمام ضلعی تعلیمی افسران کو باضابطہ مراسلہ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ خطرناک قرار دی گئی سکولوں کی عمارتوں اور ان کے غیر محفوظ حصوں کو فوری طور پر خالی کرایا جائے تاکہ طلبہ اور تدریسی عملے کو کسی بھی ممکنہ حادثے سے محفوظ رکھا جا سکے۔

مراسلے کے مطابق غیر محفوظ عمارتوں میں زیرتعلیم طلبہ کو فوری طور پر محفوظ کلاس رومز میں منتقل کیا جائے۔ اس مقصد کے لیے پہلے اسی سکول کی محفوظ عمارت استعمال کی جائے اور اگر وہاں مناسب جگہ دستیاب نہ ہو تو طلبہ کو قریبی سرکاری سکول میں منتقل کیا جائے۔

محکمہ تعلیم نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ اگر قریبی سرکاری سکول میں گنجائش موجود نہ ہو تو عارضی طور پر کرائے کی عمارت حاصل کرکے تدریسی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں تاکہ طلبہ کی تعلیم متاثر نہ ہو۔

مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ خطرناک قرار دی گئی عمارتوں کی پوری عمارت خالی کرانا ضروری نہیں ہوگا بلکہ صرف وہی حصے، کمرے اور کلاس رومز خالی کرکے سیل کیے جائیں گے جنہیں غیر محفوظ قرار دیا گیا ہے۔

محکمہ تعلیم کے مطابق ان خطرناک عمارتوں اور حصوں کی نشاندہی محکمہ مواصلات و تعمیرات اور متعلقہ تکنیکی ماہرین کی جانب سے کی گئی ہے۔

تمام ضلعی تعلیمی افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ ان احکامات پر فوری عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور طلبہ کی محفوظ تعلیمی ماحول میں منتقلی کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔

 

More News