خیبرپختونخوا حکومت میں بڑی انتظامی تبدیلی، 11 مشیروں کو اضافی محکمے تفویض
گورنر خیبرپختونخوا نے منظوری دے دی، مختلف مشیروں کو موجودہ ذمہ داریوں کے ساتھ اہم محکموں کے اضافی قلمدان بھی سونپ دیے گئے، باضابطہ اعلامیہ جاری۔
پشاور :خیبرپختونخوا حکومت نے صوبائی انتظامی امور کو مزید مؤثر بنانے کے لیے 11 مشیروں کو اضافی محکموں کی ذمہ داریاں تفویض کر دی ہیں۔ گورنر خیبرپختونخوا کی منظوری کے بعد مشیروں کو ان کی موجودہ ذمہ داریوں کے علاوہ مختلف اہم محکموں کے اضافی قلمدان سونپ دیے گئے ہیں، جس کا باضابطہ اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
جاری اعلامیے کے مطابق کفایت اللہ کو محکمہ خوراک اور خواتین کو بااختیار بنانے کے محکمے کی اضافی ذمہ داریاں دی گئی ہیں، جبکہ طارق محمود پاشا کو محکمہ موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیات کا قلمدان سونپا گیا ہے۔
اسی طرح عامر جاوید کو محکمہ محنت اور بین الصوبائی رابطہ کی ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں، جبکہ ڈاکٹر سید امیر عبداللہ کو محکمہ سماجی بہبود کا اضافی قلمدان دیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر کو محکمہ بہبود آبادی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ سرفراز علی کو محکمہ ثقافت، سیاحت، آثار قدیمہ، عجائب گھر، کھیل اور امور نوجوانان کے محکمے تفویض کیے گئے ہیں۔
ڈاکٹر محمد ارشاد کو محکمہ آبپاشی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی اضافی ذمہ داریاں دی گئی ہیں، جبکہ آصف رفیق کو محکمہ زراعت، لائیو اسٹاک، ماہی پروری اور کوآپریٹو کے محکموں کا قلمدان سونپا گیا ہے۔
مزید برآں مولانا طیب قریشی کو محکمہ زکوٰۃ و عشر کی اضافی ذمہ داری دی گئی ہے، جبکہ عثمان سیف اللہ خان کو محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے محکمے تفویض کیے گئے ہیں۔
اسی طرح ثمر ہارون بلور کو محکمہ ریلیف، بحالی اور آبادکاری کی اضافی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔
حکومتی فیصلے کے تحت تمام مشیر اپنی پہلے سے تفویض کردہ ذمہ داریوں کے ساتھ نئے محکموں کے امور بھی دیکھیں گے۔







