خیبر پختونخوا میں پاکستان کا پہلا اے آئی اور ڈیجیٹل انسٹی ٹیوٹ قائم
پشاور: خیبر پختونخوا کے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے صوبے کے تعلیمی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کا پہلا مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور ڈیجیٹل انسٹی ٹیوٹ قائم کردیا ہے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق نئے انسٹی ٹیوٹ کا مقصد تعلیم کے شعبے میں اے آئی پر مبنی حل متعارف کرانا اور محکمے کے نظام کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے جدید بنانا ہے۔ اس اقدام سے تعلیمی شعبے میں کام کرنے کے طریقہ کار کو مزید مؤثر اور شفاف بنانے میں مدد ملے گی۔
اس منصوبے کے لیے 7 رکنی ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے، جو اس اقدام کے لیے تکنیکی فریم ورک اور رہنما اصول تیار کرے گی۔ ٹیم محکمہ تعلیم میں پہلے سے موجود نظام کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ دستی طریقہ کار کو کم کرنے اور زیادہ سے زیادہ کام کو ڈیجیٹل بنانے کے لیے تجاویز بھی دے گی۔
انسٹی ٹیوٹ کے دائرہ کار میں جدید ڈیجیٹل ایپلی کیشنز کی تیاری بھی شامل ہے، جن کا مقصد تعلیمی شعبے میں شفافیت، کارکردگی اور عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات کو بہتر بنانا ہے۔
یہ اقدام خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے تعلیم کے شعبے میں مصنوعی ذہانت اور جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔ اس سے قبل صوبائی حکومت اے آئی پر مبنی تدریسی نظام اور دیگر تعلیمی اصلاحات کے لیے اے آئی ایجوکیشن اتھارٹی کے قیام کی جانب بھی پیش رفت کرچکی ہے۔








