وزیراعظم کی بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے پیش نظر تمام اداروں کو تیار رہنے کی ہدایت
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو مکمل طور پر تیار رہنے اور عوام کو بروقت امداد فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے ملاقات کی، جس میں جاری مون سون سیزن کے دوران شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے کیے گئے پیشگی انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے رابطہ سڑکوں اور پلوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور امدادی سامان کی بروقت ترسیل کے لیے متعلقہ محکموں کے درمیان رابطہ مزید مؤثر بنانے کی ہدایت بھی کی۔
شہباز شریف نے این ڈی ایم اے کو صوبائی حکومتوں اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے ساتھ مؤثر رابطہ رکھنے کی ہدایت کی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جاسکے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو مون سون سیزن کے متوقع رجحان اور صوبوں و متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون سے جاری انتظامات سے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں کسی بھی ہنگامی موسمی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ ادارے ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کے لیے تیار ہیں۔







