خیبر پختونخوا کا 2200 ارب روپے سے زائد حجم کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا، شوکت یوسفزئی

خیبر پختونخوا کا 2200 ارب روپے سے زائد حجم کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا، شوکت یوسفزئی

پشاور:عارف اکرام

پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت آج آئندہ مالی سال کا بجٹ صوبائی اسمبلی میں پیش کرے گی، جس کا مجموعی حجم 2200 ارب روپے سے زائد ہوگا۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے بتایا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ نہ متوازن ہوگا اور نہ ہی سرپلس، بلکہ یہ تقریباً 50 ارب روپے خسارے پر مشتمل بجٹ ہوگا۔ تاہم بجٹ میں عوام پر کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا جا رہا اور اسے حقیقی آمدن کی بنیاد پر تیار کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے 235 ارب روپے مختص کیے جا رہے ہیں تاکہ صوبے میں جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاق سے ملنے والی گرانٹ اِن ایڈ کو بجٹ کا حصہ نہیں بنایا گیا، جس سے صوبائی مالی منصوبہ بندی مزید حقیقت پسندانہ بن گئی ہے۔

شوکت یوسفزئی نے بتایا کہ کابینہ کے اجلاس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے سے متعلق تجاویز کا بھی جائزہ لیا جائے گا، جبکہ اس حوالے سے حتمی فیصلے کابینہ کی منظوری کے بعد سامنے آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی خواہش تھی کہ بانی پاکستان تحریک انصاف سے ملاقات تک بجٹ پیش نہ کیا جائے، تاہم اگر صرف تین ماہ کا عبوری بجٹ پیش کیا جاتا تو صوبے میں ترقیاتی سرگرمیاں متاثر ہوتیں اور تنخواہوں و پنشن کے علاوہ بیشتر سرکاری امور رک جاتے۔

ان کے مطابق پارٹی ارکان نے صوبے کے وسیع تر مفاد میں مکمل سالانہ بجٹ پیش کرنے کی تجویز دی، جس کے بعد حکومت نے باقاعدہ بجٹ پیش کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کے حوالے سے تمام قیاس آرائیاں اور چہ میگوئیاں ختم ہو چکی ہیں اور آج بجٹ پیش کر دیا جائے گا۔

ناراض پارٹی ارکان کے حوالے سے سوال کے جواب میں شوکت یوسفزئی نے کہا کہ بعض ارکان کے تحفظات اپنی جگہ موجود ہیں، تاہم انہیں یقین ہے کہ وہ اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے اور بجٹ کی منظوری کے عمل میں کوئی رکاوٹ پیش نہیں آئے گی۔

انہوں نے بجٹ کی تیاری کا کریڈٹ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور مشیر خزانہ مزمل اسلم کو دیتے ہوئے کہا کہ دونوں نے صوبے کے مالی معاملات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک حقیقت پسندانہ اور عوام دوست بجٹ مرتب کیا ہے۔

More News