دیر کالونی اسکول حادثہ: ایل آر ایچ ڈاکٹروں کی ٹیم زخمی بچوں کے گھروں پر پہنچ گئی
پشاور: لیڈی ریڈنگ ہسپتال (ایل آر ایچ) انتظامیہ نے دیر کالونی اسکول حادثے میں زخمی ہونے والے بچوں کی صحت سے متعلق فالو اَپ کے لیے خصوصی اقدام کیا ہے۔ ہسپتال کے ڈاکٹروں کی ٹیم نے زخمی بچوں کے گھروں پر جا کر دوبارہ طبی معائنہ کیا اور ان کی صحت کا جائزہ لیا۔
ڈاکٹروں کی ٹیم نے بچوں کے زخموں کا معائنہ کرنے کے ساتھ ضروری طبی امداد بھی فراہم کی۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق بیشتر زخمی بچوں کی صحت اطمینان بخش ہے، جبکہ جن بچوں کے زخموں پر ٹانکے لگائے گئے تھے، ان کے ٹانکے بھی کھول دیے گئے ہیں۔
اس موقع پر ایل آر ایچ کی اسسٹنٹ میڈیا منیجر ناہید جہانگیر نے متاثرہ بچوں اور ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور بچوں کی صحت سے متعلق معلومات حاصل کیں۔
زخمی بچوں کے والدین نے گھروں پر طبی معائنے اور مسلسل دیکھ بھال کے اقدام پر لیڈی ریڈنگ ہسپتال کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔








