سال 2025میں 7 لاکھ 62 ہزار سے زائد پاکستانی روزگار کے لیے بیرون ملک روانہ، سعودی عرب پہلی ترجیح قرا

2025 میں 7 لاکھ 62 ہزار سے زائد پاکستانی روزگار کے لیے بیرون ملک روانہ، سعودی عرب پہلی ترجیح قرار

اسلام آباد(نیوز  ڈیسک )بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ (بی ای او ای) کی تازہ رپورٹ کے مطابق سال 2025 کے دوران 7 لاکھ 62 ہزار 499 پاکستانی روزگار کے لیے بیرون ملک گئے، جن میں سب سے زیادہ 5 لاکھ 30 ہزار 256 افراد نے سعودی عرب کا رخ کیا، جو مجموعی تعداد کا تقریباً 70 فیصد بنتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 1971 سے وسط 2026 تک بیرون ملک رجسٹرڈ پاکستانی کارکنوں کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 51 لاکھ 30 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ گزشتہ پانچ دہائیوں سے سعودی عرب پاکستان کے لیے سب سے بڑی اوورسیز لیبر مارکیٹ رہا ہے، جہاں اب تک 78 لاکھ 70 ہزار سے زائد پاکستانی روزگار حاصل کر چکے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق متحدہ عرب امارات دوسرے نمبر پر ہے، جہاں 44 لاکھ 80 ہزار پاکستانی ملازمت کر چکے ہیں، جبکہ عمان، قطر، بحرین اور کویت بھی پاکستانی افرادی قوت کی اہم منڈیاں ہیں۔

صرف 2025 کے دوران سعودی عرب کے بعد قطر نے 68 ہزار 376، متحدہ عرب امارات نے 52 ہزار 664، بحرین نے 37 ہزار 726، عمان نے 9 ہزار 375 اور کویت نے 6 ہزار 590 پاکستانی کارکنوں کو روزگار فراہم کیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بیرون ملک جانے والوں میں زیادہ تر ہنر مند اور نیم ہنر مند افراد شامل ہیں۔ 2024 کے دوران سب سے زیادہ 3 لاکھ 64 ہزار 574 مزدور، 1 لاکھ 85 ہزار 209 ڈرائیور، 14 ہزار 938 مستری، 10 ہزار 895 الیکٹریشن، 8 ہزار 18 انجینئرز اور 3 ہزار 642 ڈاکٹر بیرون ملک ملازمت کے لیے روانہ ہوئے۔

دوسری جانب اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق مالی سال 2024-25 کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 38.3 ارب ڈالر کی ریکارڈ ترسیلات زر پاکستان بھیجیں۔ سعودی عرب سے 9.34 ارب ڈالر اور متحدہ عرب امارات سے 7.83 ارب ڈالر موصول ہوئے، جو مجموعی ترسیلات کا تقریباً نصف بنتے ہیں۔

More News