سردیوں کی آمد، سوئی سدرن کا گیس فراہمی کا نیا شیڈول جاری، صارفین کو روزانہ صرف 8 گھنٹے گیس ملے گی
موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی سندھ اور بلوچستان میں گھریلو صارفین کے لیے گیس کی فراہمی مزید محدود کر دی گئی ہے۔ وزارت توانائی کی منظوری کے بعد سوئی سدرن گیس کمپنی (SSGC) نے گیس فراہمی کا نیا شیڈول جاری کر دیا ہے، جس پر عمل درآمد بھی شروع ہو چکا ہے۔
نئے شیڈول کے مطابق گھریلو صارفین کو 24 گھنٹوں کے دوران صرف 8 گھنٹے کھانا پکانے کے لیے گیس فراہم کی جائے گی۔ صبح ناشتے کے لیے گیس کی فراہمی صبح 6:30 سے 9 بجے تک، دوپہر کے کھانے کے لیے 12 سے 2:30 بجے تک جبکہ رات کے کھانے کے لیے شام 6 سے رات 9 بجے تک جاری رہے گی۔
نئے شیڈول کے تحت صبح کے اوقات میں گیس فراہمی کا دورانیہ ساڑھے تین گھنٹے سے کم کرکے ڈھائی گھنٹے کر دیا گیا ہے، جبکہ مجموعی طور پر کھانا پکانے کے اوقات میں بھی ایک گھنٹے کی کمی کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق موسم سرما میں گیس کی طلب میں نمایاں اضافہ اور عالمی سطح پر مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی قلت کے باعث لوڈ مینجمنٹ سخت کی گئی ہے۔ مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال اور عالمی سپلائی چین میں رکاوٹوں کو بھی گیس کی دستیابی متاثر ہونے کی وجوہات قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب ایل پی جی کی قیمتیں بھی بلند سطح پر ہونے کے باعث صارفین کے لیے متبادل ایندھن کا استعمال مشکل ہو گیا ہے۔ گیس کی محدود فراہمی سے سندھ اور بلوچستان کے شہریوں کو رواں موسم سرما میں مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔








