سندھ ہائیکورٹ کا ٹریفک مسائل کے حل کے لیے جامع ماسٹر پلان تیار کرنے کا حکم

سندھ ہائیکورٹ کا ٹریفک مسائل کے حل کے لیے جامع ماسٹر پلان تیار کرنے کا حکم

کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے صوبے بھر میں ٹریفک کے بڑھتے مسائل کے حل کے لیے جامع ماسٹر پلان تیار کرنے کا حکم دے دیا، جبکہ چیف سیکریٹری سندھ کو اس مقصد کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت بھی کی ہے۔

عدالت نے ہیوی ٹریفک کے شہر میں داخلے پر پابندی اور ٹریفک مسائل سے متعلق دائر 7 درخواستوں پر فیصلہ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو مشترکہ حکمت عملی اپنانے کا حکم دیا۔

عدالتی فیصلے کے مطابق اعلیٰ سطحی کمیٹی میں محکمہ داخلہ، ٹرانسپورٹ، ٹریفک پولیس، محکمہ ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی اور ساحلی ترقی سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے شامل ہوں گے۔

کمیٹی سندھ بھر میں ٹریفک کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لے گی، ٹریفک قوانین پر عمل درآمد میں موجود خامیوں کی نشاندہی کرے گی اور جامع ماسٹر پلان تیار کرے گی۔ منصوبے میں متعلقہ اداروں کی ذمہ داریاں اور عمل درآمد کی مدت بھی واضح کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

عدالت نے قرار دیا کہ ہر ضلع کی ٹریفک ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبہ تیار کیا جائے اور بدلتی صورتحال کے مطابق اس پر نظرثانی بھی کی جائے۔

فیصلے میں محکمہ ماحولیات سندھ کو موٹر گاڑیوں سے متعلق جامع ماحولیاتی قواعد و ضوابط تیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ ان قواعد میں گاڑیوں کے دھوئیں، ماحولیاتی معیارات اور گاڑیوں کی انسپکشن و ٹیسٹنگ کا نظام شامل ہوگا۔

عدالت نے واضح کیا کہ ٹریفک اور ماحولیاتی قوانین پر عمل درآمد صرف اجلاسوں اور رپورٹس تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ متعلقہ ادارے عملی اقدامات یقینی بنائیں۔

More News