وزیراعظم شہباز شریف کا فیول ریلیف پروگرام کی شفافیت پر اطمینان، 15.5 ملین شہری رجسٹرڈ
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام پر اب تک ہونے والی پیشرفت اور اس کی شفافیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مستحق شہریوں کو سبسڈی کی فراہمی مزید آسان بنانے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت فیول ریلیف پروگرام سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسکیم پر عمل درآمد، رجسٹریشن اور سبسڈی کی ادائیگیوں کا جائزہ لیا گیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ رجسٹریشن اور سبسڈی کے حصول کا طریقہ کار آسان بنانے سے شہریوں کی رجسٹریشن میں اضافہ ہوا ہے اور زیادہ مستحق افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ ان کے مطابق ٹیکنالوجی پر مبنی شفاف سبسڈی اسکیم مستقبل میں عوامی فلاح کے اقدامات کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ فیول ریلیف اسکیم کے تحت اب تک ایک کروڑ 55 لاکھ 19 ہزار 282 شہری رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، جن میں موٹر سائیکلوں اور 800 سی سی تک گاڑیوں کے مالکان شامل ہیں۔
بریفنگ کے مطابق اسکیم کے تحت 6 کروڑ 31 لاکھ 53 ہزار 685 ٹوکن جاری کیے گئے، جن میں سے 5 کروڑ 94 لاکھ 45 ہزار 347 استعمال ہو چکے ہیں، جبکہ 4 نومبر 2026 تک فیول سبسڈی کی مد میں 28.6 ارب روپے ادا کیے جا چکے ہیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سبسڈی کے اہل شہریوں کو سہولت فراہم نہ کرنے والے پیٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کیے جائیں۔ اجلاس کو شکایات کے ازالے کے لیے صارفین اور پیٹرول پمپس کے الگ الگ کال سینٹرز کے قیام سے بھی آگاہ کیا گیا۔








