سپریم کورٹ کا بڑا حکم، عمران خان کو شفا اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت

سپریم کورٹ کا بڑا حکم، عمران خان کو شفا اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اگلی سماعت تک شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے ان کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے اور سخت سکیورٹی میں اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کردی۔

تین رکنی بینچ نے سماعت کے دوران عمران خان کی میڈیکل رپورٹس اور علاج سے متعلق تفصیلات طلب کیں۔ عدالت نے قرار دیا کہ مکمل طبی ریکارڈ آئندہ سماعت سے قبل پیش کیا جائے۔

عدالت نے میڈیکل رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے عمران خان کی صحت سے متعلق تشویش کا اظہار کیا جبکہ انجیوگرافی کی ضرورت اور جیل میں اس سہولت کی دستیابی سے متعلق بھی سوالات کیے۔

سپریم کورٹ نے عمران خان کی بہنوں سے ملاقات کے معاملے پر بھی ریکارڈ طلب کرتے ہوئے قرار دیا کہ بہنوں سے ملاقات کوئی احسان نہیں بلکہ بنیادی حق ہے۔ عدالت نے گزشتہ تین سال کے دوران ملاقاتوں کی مکمل تفصیلات طلب کرلیں۔

عدالت نے عمران خان کے بچوں سے ٹیلی فونک رابطے کا ریکارڈ اور ان کے خلاف زیرِ سماعت اور سزا یافتہ مقدمات کی مکمل تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں۔

دورانِ سماعت پی ٹی آئی کے وکیل نے عمران خان کا شفا انٹرنیشنل اسپتال میں مکمل طبی معائنہ کرانے اور ذاتی معالجین سے ملاقات کی اجازت دینے کی درخواست کی۔

سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی اور خاندان کو ملاقات کے بعد میڈیا پر بیان بازی سے گریز کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی طبی حالت کو سیاسی معاملہ نہ بنایا جائے۔

عدالت نے اڈیالہ جیل حکام کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے ملاقاتوں کا ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کی اور کیس کی سماعت گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد تک ملتوی کردی۔

More News