شدید دھند کا راج، موٹروے ایم فور اور ایم فائیو کے اہم سیکشنز ٹریفک کے لیے بند
اسلام آباد: ملک کے مختلف علاقوں میں شدید دھند اور گھنے کہرے کے باعث موٹرویز پر حدِ نگاہ انتہائی کم ہوگئی، جس کے پیش نظر موٹروے پولیس نے ایم فور اور ایم فائیو کے متعدد اہم سیکشنز کو ٹریفک کے لیے عارضی طور پر بند کردیا ہے۔
موٹروے پولیس کے ترجمان سید عمران احمد کے مطابق موٹروے ایم فائیو کو ملتان سے ظاہر پیر تک ٹریفک کے لیے بند کیا گیا ہے، جبکہ موٹروے ایم فور خانیوال سے عبدالحکیم تک بند کردی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق شدید دھند اور ٹریفک کے دباؤ کے باعث ایم فور کو پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک بھی بند کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹرویز کی بندش کا فیصلہ مسافروں کی جان و مال کے تحفظ اور کم حدِ نگاہ کے باعث ممکنہ ٹریفک حادثات سے بچاؤ کے لیے کیا گیا ہے۔
پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دھند کے دوران محتاط ڈرائیونگ کو یقینی بنائیں۔ موٹروے پر سفر کرنے والے افراد روانگی سے قبل تازہ ترین ٹریفک صورتحال سے متعلق معلومات حاصل کریں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جاسکے۔








