کوہاٹ حملہ، وزیراعظم شہباز شریف کا 10 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس
وزیراعظم شہباز شریف نے کوہاٹ کے علاقے درہ بکاخ میں دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں خیبرپختونخوا پولیس کے 10 اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔
وزیراعظم نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) حیدر زمان سمیت تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر افسران اور جوانوں نے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کرکے فرض شناسی اور بہادری کی عظیم مثال قائم کی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وطن عزیز کے امن و سلامتی کے لیے قربانیاں دینے والے پولیس اہلکار پوری قوم کے ہیرو ہیں۔ خیبرپختونخوا پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں اور قوم ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
وزیراعظم نے شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں 18 خوارج کی ہلاکت کو پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کا مظہر قرار دیا۔ وزیراعظم کے مطابق دہشت گردی اور بدامنی پھیلانے والے عناصر کو ان کے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
شہباز شریف نے واضح کیا کہ حکومت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور امن و استحکام کے لیے پُرعزم ہے، جبکہ پوری قوم اس جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔








