صدر آذربائیجان نے پاکستان کی امن کوششوں کو سراہ دیا
باکو: صدر آذربائیجان الہام علیوف نے پاکستان کی امن کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔
باکو میں چوتھے شوشا عالمی میڈیا فورم سے خطاب کرتے ہوئے صدر الہام علیوف نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی امن کے لیے کوششوں کو قابلِ ستائش قرار دیا اور کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان مستقبل میں بھی خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔
صدر آذربائیجان نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ آذربائیجان کونسل آف یورپ سے مکمل انخلا پر سنجیدگی سے غور کر رہا ہے۔ ان کے مطابق کونسل آف یورپ کے سیکریٹری جنرل نے اس فیصلے پر نظرثانی اور تعلقات بہتر بنانے کی درخواست کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کے پارلیمانی وفد کے ووٹنگ کے حقوق معطل کیے جانے کے بعد تنظیم کے ساتھ تعلقات پر ازسرِنو غور کیا جا رہا ہے۔







