ضلع خیبر: مخدوش عمارتوں کے باعث تین اسکول سیل، متعدد کلاس رومز بھی بند
ضلع خیبر کے ڈپٹی کمشنر کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل انعام اللہ وزیر نے تحصیلدار ملک حاجی تیمور آفریدی اور متعلقہ محکموں کے اہلکاروں کے ہمراہ مختلف سرکاری و نجی پرائمری اسکولوں کا دورہ کیا اور عمارتوں کی موجودہ حالت کا معائنہ کیا۔
معائنے کے دوران گورنمنٹ پرائمری اسکول چارباغ، خیبر ذخہ خیل میں ملک گل احمد کلی اسکول اور لنڈی کوتل میں واقع ایک نجی اسکول کو عمارتوں کی مخدوش حالت کے باعث سیل کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ متعدد سرکاری اسکولوں کے ان کمروں کو بھی بند کر دیا گیا جہاں عمارت منہدم ہونے کا خدشہ تھا۔
انتظامیہ کے مطابق طلبہ اور اساتذہ کی جانوں کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے اسکولوں کی عمارتوں کے معائنے جاری رہیں گے۔ تمام متعلقہ اسکولوں کا تفصیلی جائزہ مکمل ہونے کے بعد رپورٹ مرتب کرکے اعلیٰ حکام کو ارسال کی جائے گی۔








