ضلع خیرپور میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت، یومیہ 1 کروڑ 28 لاکھ مکعب فٹ گیس حاصل ہوگی
خیرپور: پاکستان میں توانائی کے شعبے سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے سندھ کے ضلع خیرپور میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت کرلیے ہیں۔ کمپنی نے اس حوالے سے تفصیلات پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمع کرادی ہیں۔
او جی ڈی سی ایل کے مطابق ضلع خیرپور میں واقع بٹرسیم نارتھ ویسٹ-1 کنویں سے یومیہ ایک کروڑ 28 لاکھ مکعب فٹ گیس حاصل ہوئی ہے، جبکہ اس کنویں سے روزانہ 175 بیرل کنڈنسیٹ بھی حاصل ہوگا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ دریافت ملک کے مقامی توانائی کے ذخائر میں اضافے کا باعث بنے گی اور اس سے قدرتی گیس کی ملکی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔ دریافت ہونے والی گیس کو جلد قومی گیس سسٹم سے منسلک کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
ماہرین کے مطابق مقامی سطح پر تیل و گیس کی نئی دریافتیں توانائی کی درآمدات پر انحصار کم کرنے اور ملکی وسائل سے استفادے کے لیے اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کو توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے درآمدی ایندھن پر انحصار کرنا پڑتا ہے، ایسے میں خیرپور میں نئی دریافت کو ملکی توانائی کے شعبے کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔








