فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سعودی عرب میں وزیر دفاع سے ملاقات، ایرانی میزائل حملوں سے نمٹنے پر تبادلہ خیال
سعودی عرب: فیلڈ مارشل اور چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر نے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات کی، جس میں ایران کے ڈرون اور میزائل حملوں سے پیدا ہونے والی سیکیورٹی صورتحال اور ان کے تدارک کے لیے ممکنہ اقدامات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کے تحت حملوں کو روکنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے پر غور کیا۔ ملاقات کے دوران زور دیا گیا کہ بلاوجہ جارحیت خطے کے امن اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے اور ایسے حملے مذاکرات کے ذریعے مسائل کے پرامن حل کے امکانات کو محدود کرتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ممالک نے امید ظاہر کی کہ ایران مناسب حکمت عملی اختیار کرے گا، تاکہ دوست ممالک کو خطے میں بحران کے پرامن حل کے لیے تعاون کا موقع میسر آئے۔ ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی کے فروغ، باہمی اعتماد اور دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا، اور دونوں فریقین نے مستقبل میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔








