لانگ مارچ سے پریشانی ہو تو ایک دن اسکول بند کیے جا سکتے ہیں: محکمہ تعلیم
پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی پشاور آمد کے پیش نظر شہر کے متعدد نجی اسکول آج بند کردیئے گئے ہیں، جبکہ محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا نے واضح کیا ہے کہ راستوں کی بندش کے باعث مشکلات کی صورت میں اسکول ایک دن کے لیے بند رکھے جا سکتے ہیں۔
نجی اسکولوں کی انتظامیہ کے مطابق لانگ مارچ کے باعث شہر کے مختلف راستوں کی بندش سے طلبہ اور عملے کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے، جس کے پیش نظر آج تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اسکول انتظامیہ نے والدین کو واٹس ایپ گروپس کے ذریعے اسکولوں کی بندش سے آگاہ بھی کردیا ہے۔
محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کے مطابق صوبے کے سرکاری اسکول معمول کے مطابق کھلے ہیں اور ان کی عمومی تعطیل کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ اگر کسی اسکول کی انتظامیہ کو محسوس ہو کہ راستوں کی بندش کے باعث طلبہ اور عملے کو شدید مشکلات پیش آسکتی ہیں تو وہ ایک دن کے لیے اسکول بند کرسکتی ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کی پشاور آمد کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک اور آمدورفت کی صورتحال متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے پیش نظر بعض نجی تعلیمی اداروں نے طلبہ اور عملے کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے تعطیل کا فیصلہ کیا ہے۔








