حنیف عباسی کا پی ٹی آئی لانگ مارچ میں مسلح افراد کی موجودگی کا الزام

حنیف عباسی کا پی ٹی آئی لانگ مارچ میں مسلح افراد کی موجودگی کا الزام

اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں مسلح افراد کی موجودگی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں دوبارہ 9 مئی جیسے واقعات نہیں ہونے دیے جائیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ پی ٹی آئی کو ملک میں ایک خاص ایجنڈے کے تحت لایا گیا۔ ان کے بقول لانگ مارچ میں مسلح افراد کی موجودگی کی تصاویر بھی سامنے آئی ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ماضی میں کسی سیاسی جماعت کی جانب سے کسی ادارے پر اس طرح حملہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے پی ٹی آئی کی سیاسی سرگرمیوں پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف اس وقت کس کے آلہ کار کے طور پر کام کر رہی ہے۔

حنیف عباسی نے الزام عائد کیا کہ بھارت اور افغانستان سے دہشتگرد پاکستان میں بھیجے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں خیبرپختونخوا کے عوام کو سوات آپریشن سے پہلے کے حالات کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے خیبرپختونخوا کے عوام سے کہا کہ انہیں موجودہ صورتحال میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وفاقی حکومت صوبے کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔

حنیف عباسی نے مزید کہا کہ حکومت ملک میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کسی بھی قسم کی بدامنی یا تشدد کی اجازت نہیں دے گی اور 9 مئی جیسے واقعات کو دوبارہ ہونے سے روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

More News