لاہور ریلوے ورکشاپ سے ڈینگی لاروا برآمد، وزیر صحت کا متعلقہ افسران کے خلاف مقدمے کا حکم
لاہور: پنجاب کے وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے لاہور کی ریلوے ورکشاپ سے ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کی ہدایت کر دی۔
خواجہ عمران نذیر نے لاہور کے مختلف علاقوں میں ڈینگی سرویلنس ٹیموں کے ہمراہ اچانک دورے کیے اور ریلوے گوداموں اور ورکشاپس میں کارروائیوں کی نگرانی کی۔ اس دوران ریلوے ورکشاپ سے ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر انہوں نے متعلقہ حکام سے جواب طلب کیا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ڈینگی کے خلاف کارروائیاں ہر شہری اور ادارے کی ذمہ داری ہیں۔ اگر کسی تاجر یا عام شہری کے خلاف غفلت پر مقدمہ درج ہو سکتا ہے تو سرکاری افسران بھی قانون سے بالاتر نہیں ہیں۔
انہوں نے ڈینگی سرویلنس ٹیموں کو مزید متحرک ہو کر کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو ڈینگی سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
خواجہ عمران نذیر نے واضح کیا کہ ڈینگی کے خلاف اقدامات میں غفلت یا کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ ڈینگی لاروا کی افزائش روکنے کے لیے نگرانی کا عمل مؤثر بنایا جائے اور سرکاری و نجی مقامات پر حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔








