لاہور میں ڈیجیٹل بینکنگ فراڈ، 170 سے زائد صارفین کا ڈیٹا لیک

لاہور میں ڈیجیٹل بینکنگ فراڈ، 170 سے زائد صارفین کا ڈیٹا لیک

لاہور: لاہور میں ڈیجیٹل بینکنگ فراڈ کی بڑی واردات سامنے آئی ہے، جہاں نجی بینک کے 170 سے زائد صارفین کا ڈیٹا لیک ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزمان نے بینک کے اندرونی نظام سے صارفین کا ڈیٹا حاصل کرکے کروڑ پتی افراد کو نشانہ بنایا۔ ملزمان صارفین کے پتے تبدیل کرکے ان کے نام پر نئے اے ٹی ایم کارڈز جاری کرواتے تھے۔

حکام کے مطابق ملزمان متعلقہ صارفین کے گھروں کی ریکی کرتے اور بعد ازاں ڈلیوری بوائے سے نئے اے ٹی ایم کارڈز وصول کرلیتے تھے۔ اس طریقہ واردات کے ذریعے پانچ افراد کے اکاؤنٹس سے مجموعی طور پر ڈیڑھ کروڑ روپے نکلوائے گئے۔

ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے تین رکنی گینگ گرفتار کرلیا ہے، جس میں ایک نجی بینک کا افسر اور ایک خاتون بھی شامل ہیں۔

ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ ملزمان نے بینک کے اندرونی نظام تک رسائی حاصل کرکے قیمتی اکاؤنٹس رکھنے والے صارفین کا ڈیٹا حاصل کیا اور انہیں منصوبہ بندی کے تحت نشانہ بنایا۔

حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ ڈیٹا لیک اور فراڈ میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے بھی تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے۔

More News