لوئر کرم: یومِ دفاع پر شجرکاری مہم، مختلف مقامات پر پودے لگائے گئے

لوئر کرم: یومِ دفاع پر شجرکاری مہم، مختلف مقامات پر پودے لگائے گئے

لوئر کرم: یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر ڈپٹی کمشنر ضلع کرم فہد وزیر کی خصوصی ہدایات پر لوئر کرم میں شجرکاری مہم کا انعقاد کیا گیا، جس کے تحت مختلف مقامات پر پودے لگائے گئے۔

اس سلسلے میں صدہ بائی پاس روڈ پر ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں اسسٹنٹ کمشنر لوئر کرم عصمت اللہ شنواری، اسسٹنٹ کمشنر سنٹرل کرم عقیل جاوید، محکمہ جنگلات کے نمائندگان اور علاقائی مشران نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران شرکاء نے علامتی طور پر پودے لگائے اور شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔ اس موقع پر ملک کی سلامتی، ترقی و خوشحالی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

اسسٹنٹ کمشنر لوئر کرم عصمت اللہ شنواری نے کہا کہ درخت لگانا صرف ماحول کی بہتری کا ذریعہ نہیں بلکہ ایک قومی فریضہ بھی ہے۔ شجرکاری سے ماحولیاتی آلودگی میں کمی، قدرتی حسن میں اضافہ اور آنے والی نسلوں کے لیے صاف ستھرا ماحول یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیں اور اپنے علاقوں میں زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کے ساتھ ساتھ ان کی نگہداشت بھی یقینی بنائیں۔

انتظامیہ کے مطابق یومِ دفاع کے موقع پر شجرکاری مہم کا مقصد قومی جذبے کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے عوام میں شعور اجاگر کرنا بھی ہے۔

More News