شکرگڑھ میں گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 2 بھائی جاں بحق
شکرگڑھ: لکڑا اسٹاپ کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار دو بھائی جاں بحق ہوگئے۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثہ لکڑا اسٹاپ کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتار گاڑی نے مخالف سمت سے آنے والی موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی۔ حادثے کے نتیجے میں موٹرسائیکل پر سوار دونوں بھائی موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاشوں کو ضروری کارروائی کے لیے منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق نوجوانوں کی شناخت 22 سالہ علی اور 18 سالہ بلال کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق نوجوانوں کے والد کی مدعیت میں گاڑی کے ڈرائیور منظور شاہ کے خلاف تھانہ نورکوٹ میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں، جبکہ واقعے کے ذمہ دار ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی بھی جاری ہے۔








