مانسہرہ: موسیٰ کا مصلیٰ ٹریک پر برطانوی سیاح لاپتہ، پولیس کا سرچ آپریشن جاری
دو غیر ملکی سیاح ٹریک پر گئے تھے، واپسی کے دوران مبینہ ریس میں ایک سیاح راستہ بھٹک گیا
مانسہرہ: سیاحتی مقام موسیٰ کا مصلیٰ کی جانب جانے والا برطانیہ سے تعلق رکھنے والا ایک سیاح لاپتہ ہوگیا، جس کی تلاش کے لیے مانسہرہ پولیس کا سرچ آپریشن جاری ہے۔
پولیس کے مطابق دو غیر ملکی سیاح، ایلن اور ایلکس، سیاحت کی غرض سے ضلع مانسہرہ کی سرن ویلی میں واقع موسیٰ کا مصلیٰ ٹریک پر گئے تھے۔ واپسی کے دوران دونوں کے درمیان مبینہ طور پر ریس لگی، جس کے دوران ایلن راستہ بھٹکنے کے باعث لاپتہ ہوگیا۔
دوسرے سیاح ایلکس کو پولیس نے تلاش کرلیا ہے اور وہ اس وقت تھانہ نواز آباد مانسہرہ میں موجود ہے۔
ڈی ایس پی شنکیاری کے مطابق لاپتہ برطانوی سیاح کی تلاش کے لیے چار سے پانچ پولیس ٹیمیں مختلف علاقوں میں روانہ کردی گئی ہیں۔ پولیس اہلکار دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں سرچ آپریشن کر رہے ہیں اور لاپتہ سیاح کی ممکنہ موجودگی والے مقامات کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں سیاح موسیٰ کا مصلیٰ چوٹی سر کرنے کے لیے علاقے میں آئے تھے۔ لاپتہ سیاح کی تلاش کے لیے مقامی علاقوں میں بھی سرچ آپریشن کو وسعت دی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق پہاڑی اور دشوار گزار راستوں کے باعث سرچ آپریشن میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، تاہم پولیس ٹیمیں لاپتہ سیاح کو بحفاظت تلاش کرنے کے لیے کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔




