محکمہ ایکسائز کی پشاور اور مردان میں بڑی انسدادِ منشیات کارروائیاں، 63 کلو سے زائد چرس اور ہزاروں نشہ آور گولیاں برآمد
پشاور:عارف اکرام
محکمہ ایکسائز خیبرپختونخوا نے صوبے بھر میں منشیات فروشوں اور سمگلروں کے خلاف جاری مہم کے دوران پشاور اور مردان میں متعدد کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 63 کلوگرام سے زائد چرس اور ایک ہزار سے زائد نشہ آور گولیاں برآمد کر لیں۔ کارروائیوں کے دوران کئی ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق جوائنٹ چیک پوسٹ نزد موٹروے ٹول پلازہ پشاور پر کی گئی کارروائی کے دوران ملزم گل زیب ولد فضل واحد کو گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے 2 ہزار 400 گرام چرس برآمد ہوئی۔ ملزم کو حراست میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
ایک اور کارروائی میں جوائنٹ چیک پوسٹ پشاور پر مسافر گاڑی کی تلاشی کے دوران ملزم نوید جان ولد عبدالشید، سکنہ ناگمان، سے ایک ہزار 185 گرام چرس برآمد کی گئی۔ محکمہ ایکسائز کے اہلکاروں نے ملزم کو موقع پر گرفتار کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔
اسی طرح سپلائی گیٹ نہر جی ٹی روڈ پشاور پر کارروائی کے دوران ملزم حمید اللہ ولد شریف خان کے قبضے سے ایک ہزار 60 نشہ آور گولیاں برآمد کی گئیں، جن کا مجموعی وزن 432 گرام بتایا گیا ہے۔ حکام کے مطابق نشہ آور ادویات کی غیر قانونی ترسیل کی کوشش کو بروقت ناکام بنا دیا گیا۔
دوسری جانب ضلع مردان میں بھی محکمہ ایکسائز نے بڑی کارروائیاں انجام دیں۔ رنگ روڈ مردان پر گاڑی نمبر RIP-307 کی تلاشی کے دوران 12 ہزار گرام چرس برآمد کی گئی۔ کارروائی کے دوران ملزم نور ملک ولد علی حیدر، سکنہ چارسدہ، کو گرفتار کر لیا گیا۔
مردان میں ایک اور بڑی کارروائی کے دوران گاڑی نمبر GAH-8888 سے 48 ہزار گرام چرس برآمد کی گئی۔ حکام کے مطابق منشیات کی بڑی کھیپ سمگل کرنے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے منشیات قبضے میں لے لی گئیں، جبکہ ملزمان کے نیٹ ورک کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق تمام مقدمات متعلقہ ایکسائز تھانوں میں درج کر لیے گئے ہیں اور گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ منشیات کی سپلائی چین اور اس میں ملوث دیگر افراد تک پہنچا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ صوبے کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے منشیات فروشوں اور سمگلروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ محکمہ ایکسائز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ نوجوان نسل کو منشیات کے ناسور سے بچانے اور معاشرے کو محفوظ بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔








