محکمہ ٹرانسپورٹ اور ٹرانسپورٹرز میں کرایوں پر اتفاق

محکمہ ٹرانسپورٹ اور ٹرانسپورٹرز میں کرایوں پر اتفاق، 25 سے 30 فیصد اضافہ منظور

شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں سے متعلق جاری تنازع بالآخر مذاکرات کے ذریعے حل ہو گیا۔ محکمہ ٹرانسپورٹ اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان ہونے والے اہم اجلاس میں کرایوں میں اضافے پر اتفاق رائے قائم کر لیا گیا۔

سیکرٹری آر ٹی اے رانا محسن کی سربراہی میں ہونے والے مذاکرات کامیاب رہے، جس کے بعد ٹرانسپورٹرز کی جانب سے خود ساختہ 65 فیصد کرایہ اضافہ واپس لے لیا گیا۔ فریقین کے درمیان طے پایا کہ اب کرایوں میں 25 سے 30 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق نئے اضافے کی روشنی میں کرایہ نامہ دوبارہ مرتب کیا جائے گا اور جلد نئی فہرستیں جاری کی جائیں گی۔ اس اقدام کا مقصد مسافروں اور ٹرانسپورٹرز دونوں کے مفادات میں توازن قائم رکھنا ہے۔

آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن نے بھی فیصلے پر رضامندی ظاہر کرتے ہوئے مذاکرات کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

دوسری جانب ٹرانسپورٹرز نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹوکن پرچی، ٹول پلازہ فیس اور جرمانوں میں کمی کی جائے تاکہ بڑھتے ہوئے اخراجات کا بوجھ کم ہو سکے اور کرایوں میں مزید اضافے کی ضرورت پیش نہ آئے۔

More News