ڈیزل مہنگا، مگر ٹرین کرایوں میں اضافہ نہیں ہوگا؛ مسافروں کے لیے بڑا ریلیف
ملک میں ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے باوجود حکومت نے ریلوے مسافروں کو بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیرِ اعظم کی ہدایت پر پاکستان ریلویز کسی بھی کلاس کے کرایوں میں اضافہ نہیں کرے گی۔
ریلوے حکام کے مطابق بڑھتے ہوئے آپریشنل اخراجات کے باعث ٹرین کرایوں میں 30 فیصد اضافہ ناگزیر سمجھا جا رہا تھا، تاہم وزیرِ اعظم نے واضح ہدایات جاری کیں کہ عوام پر اضافی بوجھ نہ ڈالا جائے۔ چنانچہ اکانومی اور اے سی سمیت تمام کلاسز کے کرائے بدستور برقرار رہیں گے۔
حکومت نے ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا مالی اثر خود برداشت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیرِ اعظم کی ہدایت پر 30 جون تک 6 ارب روپے کا اضافی بوجھ سرکاری خزانے سے پورا کیا جائے گا۔
مزید برآں تاجر برادری کو سہولت فراہم کرنے کے لیے فریٹ ٹرینوں کے کرایوں میں بھی کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا، جس سے کاروباری سرگرمیوں پر ممکنہ منفی اثرات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے اس فیصلے کو عوام دوست اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعظم نے مشکل معاشی حالات میں مسافروں کے دل جیت لیے ہیں اور ریلوے کا سفر ہر طبقے کی پہنچ میں برقرار رکھا ہے۔








