ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں اضافہ، کراچی میں چکی کا آٹا 200 روپے کلو ہوگیا
کراچی: ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے باعث عوام کی مشکلات بڑھ گئی ہیں، جبکہ کراچی میں چکی کا آٹا 200 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگا ہے۔ فائن آٹے کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث شہریوں کے لیے روزمرہ اخراجات پورے کرنا مشکل ہوگیا ہے۔
کراچی میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ روٹی بھی مہنگی ہوگئی ہے اور مختلف مقامات پر ایک روٹی 30 سے 35 روپے تک فروخت کی جا رہی ہے۔ بنیادی غذائی ضرورت مہنگی ہونے سے کم آمدنی والے طبقے پر اضافی مالی دباؤ پڑ رہا ہے۔
کمشنر کراچی کے جاری کردہ نرخ نامے کے مطابق چکی کے آٹے کی سرکاری قیمت 145 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم مارکیٹ میں یہ 200 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ اس طرح چکی کا آٹا مقررہ سرکاری نرخ سے 55 روپے فی کلو مہنگا فروخت کیا جا رہا ہے۔
اسی طرح ہول سیل مارکیٹ میں فائن آٹے کی مقررہ قیمت 132 روپے فی کلو ہے، لیکن مارکیٹ میں اس کی قیمت 176 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ یوں فائن آٹا بھی مقررہ نرخ سے 44 روپے فی کلو مہنگا فروخت ہو رہا ہے۔
دوسری جانب راشن والا آٹا ہول سیل مارکیٹ میں 161 روپے جبکہ ریٹیل مارکیٹ میں 168 روپے فی کلو دستیاب ہے۔
آٹے اور روٹی کی قیمتوں میں اضافے نے شہریوں کے گھریلو بجٹ کو متاثر کیا ہے۔ شہریوں کی مشکلات کم کرنے کے لیے سرکاری نرخوں پر عمل درآمد اور قیمتوں کی نگرانی اہمیت اختیار کر گئی ہے۔








