موبائل فون بیچنے یا مرمت کروانے سے قبل یہ کام ضرور کریں، پی ٹی اے کی اہم ہدایت

موبائل فون بیچنے یا مرمت کروانے سے قبل یہ کام ضرور کریں، پی ٹی اے کی اہم ہدایت

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے شہریوں کو موبائل فون فروخت کرنے، کسی دوسرے شخص کو دینے یا مرمت کے لیے جمع کرانے سے قبل ذاتی اور حساس معلومات کے تحفظ کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کردی ہیں۔

پی ٹی اے کے مطابق اسمارٹ فونز میں صارفین کی ذاتی تصاویر، ویڈیوز، کانٹیکٹس، پیغامات، اہم دستاویزات، پاس ورڈز اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس سمیت بڑی مقدار میں حساس معلومات موجود ہوتی ہیں۔ فون کسی دوسرے شخص کے حوالے کرتے وقت معمولی سی لاپرواہی بھی ڈیٹا چوری اور پرائیویسی متاثر ہونے کا سبب بن سکتی ہے۔

اتھارٹی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ فون سے ڈیٹا حذف کرنے سے پہلے تمام اہم تصاویر، کانٹیکٹس، دستاویزات اور دیگر ضروری فائلوں کا کسی محفوظ جگہ، مثلاً کلاؤڈ اسٹوریج یا ہارڈ ڈرائیو میں بیک اپ ضرور بنائیں۔

اس کے بعد فون کو فیکٹری ری سیٹ کرنے سے قبل یہ بھی یقینی بنایا جائے کہ ڈیوائس کا ڈیٹا مناسب طریقے سے انکرپٹ ہو۔ پی ٹی اے کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے بعض صورتوں میں عام ری سیٹ کے بعد بھی ڈیٹا بحال کیا جاسکتا ہے، اس لیے صارفین کو مکمل اور محتاط طریقے سے ڈیٹا ختم کرنا چاہیے۔

پی ٹی اے نے مزید مشورہ دیا ہے کہ فیکٹری ری سیٹ کے بعد فون میں غیر حساس یا عام نوعیت کی تصاویر اور ویڈیوز منتقل کرکے دوبارہ فیکٹری ری سیٹ کیا جائے۔ اس عمل سے پرانے ڈیٹا کی بحالی کے امکانات مزید کم ہوسکتے ہیں۔

اتھارٹی نے شہریوں کو تاکید کی ہے کہ فون کسی دوسرے شخص کے حوالے کرنے سے قبل سم کارڈ اور ایکسٹرنل میموری کارڈ لازمی نکالیں اور اپنے تمام ذاتی اکاؤنٹس بھی ڈیوائس سے لاگ آؤٹ کرلیں۔

More News