میر رضا قتل کیس کا عبوری چالان عدالت میں پیش

میر رضا قتل کیس کا عبوری چالان عدالت میں پیش

چالان میں کسی ملزم کا نام شامل نہیں، 19 گواہوں کے بیانات اور ڈی این اے رپورٹ ریکارڈ کا حصہ بنا دی گئی

کراچی: میر رضا قتل کیس میں پولیس نے تحقیقات کی پیش رفت سے متعلق عبوری چالان عدالت میں جمع کرا دیا ہے۔ ڈی ایس پی سراج لاشاری نے سٹی کورٹ میں عبوری چالان پیش کیا، جس میں تفتیش کے دوران ہونے والی کارروائیوں اور حاصل ہونے والے شواہد کی تفصیلات شامل کی گئی ہیں۔

پولیس کی جانب سے جمع کرائے گئے عبوری چالان کے مطابق تاحال کسی ملزم کا نام چالان میں شامل نہیں کیا گیا، جبکہ مقدمے میں ضمانت حاصل کرنے والے افراد کے نام بھی عبوری چالان کا حصہ نہیں بنائے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کی تلاش اور شناخت کے لیے تفتیش جاری ہے۔

چالان میں مجموعی طور پر 19 گواہوں کے نام شامل کیے گئے ہیں۔ گواہوں میں مریم، علیشبا، سلویٰ خان، احسان اللہ، محمد میسم عرف ایشو، عبدالرزاق، شہریار علی، کاظم حسین، محمد احمد اور عبداللہ سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔

عبوری چالان کے مطابق پولیس نے واقعے سے متعلق سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کرلی ہیں، جن کا جائزہ لے کر ملزمان تک پہنچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پولیس نے عدالت کو بتایا کہ کیس کی تفتیش ابھی مکمل نہیں ہوئی اور مزید شواہد اکٹھے کرنے کا عمل جاری ہے۔

پولیس کے مطابق میر رضا کی کمپنی کے بینک اکاؤنٹ کی گزشتہ تین ماہ کی ٹرانزیکشنز کا ریکارڈ حاصل کرنے کے لیے متعلقہ اداروں اور بینک حکام کو خطوط بھی ارسال کیے گئے ہیں۔ تفتیشی حکام مالی معاملات سمیت کیس کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔

چالان میں مزید بتایا گیا ہے کہ میر رضا کی قبر کشائی بھی کی گئی، جس کے بعد دوبارہ پوسٹ مارٹم کرایا گیا اور اس حوالے سے نئی پوسٹ مارٹم رپورٹ تیار کی گئی۔

پولیس نے ڈی این اے رپورٹ بھی عبوری چالان کے ساتھ عدالت میں منسلک کردی ہے۔ تفتیشی حکام نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ کیس کی تحقیقات مکمل کرنے کے لیے مزید مہلت دی جائے تاکہ باقی شواہد اکٹھے کرکے حتمی چالان پیش کیا جاسکے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تلاش، سی سی ٹی وی فوٹیجز کے تجزیے، مالی ریکارڈ اور دیگر شواہد کی روشنی میں تفتیش آگے بڑھائی جا رہی ہے۔

More News