نوعمر افراد کے لیے چیٹ جی پی ٹی میں سخت سیفٹی اقدامات متعارف
اسلام آباد: اوپن اے آئی نے نوعمر افراد کے لیے چیٹ جی پی ٹی کا خصوصی ورژن متعارف کرادیا ہے، جس میں عمر کے مطابق اضافی سیفٹی اقدامات، والدین کے لیے کنٹرولز اور صحت مند استعمال کی سہولیات شامل کی گئی ہیں۔
نئے نظام میں 13 سے 17 سال کے صارفین کے لیے خودکشی اور خود کو نقصان پہنچانے، گرافک تشدد، خطرناک چیلنجز، غیر صحت مند جسمانی تاثر اور جنسی یا رومانوی رول پلے جیسے حساس مواد کے خلاف اضافی تحفظات شامل ہیں۔ اوپن اے آئی عمر کا اندازہ لگانے والے نظام کے ذریعے کم عمر صارفین کو زیادہ محفوظ تجربے کی طرف منتقل کرنے کا بھی عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔
نوعمر صارفین کے لیے وقفے لینے کی یاد دہانیاں، ’خاموش اوقات‘ اور اسٹڈی موڈ جیسی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔ اسٹڈی موڈ براہ راست جواب دینے کے بجائے رہنمائی اور سوالات کے ذریعے طلبہ کو مسائل سمجھنے میں مدد دیتا ہے۔
والدین اپنے نوعمر بچوں کے اکاؤنٹس لنک کرکے بعض فیچرز کا انتظام کرسکتے ہیں اور سنگین صورتحال، خصوصاً ممکنہ خود کو نقصان پہنچانے کے خدشے میں حفاظتی اطلاع موصول کرسکتے ہیں۔ تاہم والدین کو معمول کے حالات میں بچوں کی چیٹ کا براہ راست ڈیٹا فراہم نہیں کیا جاتا۔








