میجر جنرل فیصل نصیر نیکٹا کے نیشنل کوآرڈینیٹر مقرر، 3 سال کیلئے تعیناتی
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے میجر جنرل فیصل نصیر کو نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی نیکٹا کا نیشنل کوآرڈینیٹر مقرر کردیا ہے، ان کی تعیناتی 3 سال کے لیے کی گئی ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق میجر جنرل فیصل نصیر کی تقرری ڈیپوٹیشن پر 3 سال کے لیے عمل میں لائی گئی ہے، جس کے بعد وہ ملک میں دہشت گردی کے خلاف قومی سطح پر پالیسی سازی اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری کے اہم منصب پر ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
رپورٹ کے مطابق میجر جنرل فیصل نصیر کو 2022 میں میجر جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی۔ انہوں نے پاک فوج کی پنجاب رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا اور اپنے فوجی کیریئر کے ابتدائی دور میں ہی ملٹری انٹیلی جنس سے وابستہ ہوگئے تھے۔
میجر جنرل فیصل نصیر نے اپنے کیریئر کے دوران مختلف اہم ذمہ داریاں انجام دیں اور 2 مرتبہ بلوچستان میں بھی تعینات رہے۔ ان کا عسکری پس منظر اور انٹیلی جنس شعبے میں تجربہ نیکٹا کے اہم منصب پر تعیناتی کے حوالے سے نمایاں پہلو قرار دیا جارہا ہے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے حالیہ تعیناتیوں کے تحت دیگر افسران کو بھی مختلف اہم عہدوں اور اداروں میں ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں، تاہم نیکٹا کے نیشنل کوآرڈینیٹر کے طور پر میجر جنرل فیصل نصیر کی 3 سالہ تعیناتی اہم قرار دی جارہی ہے۔







