ورلڈکپ فائنل: بھارت نے نیوزی لینڈ کو 96 رنز سے شکست دے کر تیسری بار ٹی ٹوئنٹی ٹائٹل جیت لیا
::اسپورٹس ڈیسک
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 96 رنز سے شکست دے کر تیسری مرتبہ ٹی ٹوئنٹی عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بھارتی بیٹرز نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجا دیا۔
بھارت کی جانب سے سنجو سیمسن نے 46 گیندوں پر 89 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ ایشان کشن نے 24 گیندوں پر 54 اور ابھیشک شرما نے 21 گیندوں پر 52 رنز بنا کر ٹیم کی پوزیشن مضبوط بنائی۔ شیوام دوبے 8 گیندوں پر 26 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے جیمز نیشم نے 3 جبکہ میٹ ہنری اور رچن وریندرا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
256 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 19 اوورز میں 159 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ ٹم سائفرٹ نے 52 اور کپتان مچل سینٹنر نے 43 رنز بنا کر مزاحمت کی کوشش کی تاہم وہ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔
بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ نے 4 اور اکشر پٹیل نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ بھارت ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ اس سے قبل بھارتی ٹیم 2007 اور 2024 میں بھی یہ اعزاز اپنے نام کر چکی ہے۔








