آیت اللہ خامنہ ای کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای نئے سپریم لیڈر نامزد

آیت اللہ خامنہ ای کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای نئے سپریم لیڈر نامزد

ایرانی سرکاری میڈیا کی رپورٹس کے مطابق آیت اللہ علی خامنہ ای کے صاحبزادے مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کا نیا سپریم لیڈر نامزد کر دیا گیا ہے۔

ایران کی مجلس خبرگان نے اس موقع پر عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قومی اتحاد کو برقرار رکھیں اور نئے سپریم لیڈر کے ساتھ وفاداری کا اظہار کریں۔ مجلس خبرگان کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں ملک کے اندر اتحاد اور یکجہتی انتہائی ضروری ہے۔

رپورٹس کے مطابق 56 سالہ مجتبیٰ خامنہ ای نے کبھی کسی سرکاری منصب کے لیے انتخاب نہیں لڑا اور نہ ہی وہ عوامی ووٹ کے ذریعے کسی عہدے پر منتخب ہوئے ہیں۔ اس کے باوجود انہیں کئی دہائیوں سے ایرانی قیادت کے قریبی حلقوں میں ایک بااثر شخصیت سمجھا جاتا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کے ساتھ بھی ان کے قریبی تعلقات بتائے جاتے ہیں۔

مجتبیٰ خامنہ ای نے ماضی میں اپنی ممکنہ جانشینی کے حوالے سے کبھی کھل کر بیان نہیں دیا۔

رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ان کے سپریم لیڈر نامزد ہونے کی خبر کے بعد ایران کے مختلف علاقوں میں بعض لوگ خوشی منانے کے لیے سڑکوں پر نکل آئے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس معاملے پر خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ نئے ایرانی سپریم لیڈر کے حوالے سے امریکا کی منظوری ضروری ہوگی، بصورت دیگر وہ زیادہ عرصہ اقتدار میں نہیں رہ سکیں گے۔

اسی طرح اسرائیل کی جانب سے بھی یہ عندیہ دیا گیا تھا کہ ایران کے نئے سپریم لیڈر کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

More News