پشاور میں ٹیکسی ڈرائیور کو خواجہ سرا نے قتل کر کے لاش آگ لگا دی
پشاور: کاشف عارف
پشاور کے نواحی گاؤں ارمڑ میں ٹیکسی ڈرائیور کے قتل کا واقعہ پیش آیا، جس نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔ پولیس کے مطابق ملزم خواجہ سراء غزالہ نے ٹیکسی ارمڑ کے علاقے تک جانے کے لیے بک کرائی اور موقع پر پہنچ کر اپنے ساتھی کی مدد سے ڈرائیور کو قتل کر دیا۔
قتل کے بعد ملزمان نے شناخت مٹانے کے لیے نعش کو آگ لگا دی، تاکہ کوئی شواہد نہ بچیں۔ پولیس نے بتایا کہ ابھی تک قتل کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے، اور دونوں ملزمان فرار ہیں۔
مقتول کے بیٹے کی مدعیت میں پولیس نے نعش تحویل میں لے کر خواجہ سراء اور اس کے ساتھی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ تفتیشی ٹیم نے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کیا ہے اور علاقے میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ قاتلوں کو جلد گرفتار کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر کسی کے پاس ملزمان کے بارے میں معلومات ہوں تو فوری طور پر متعلقہ پولیس اسٹیشن کو اطلاع دیں۔
واقعے نے مقامی لوگوں میں خوف و تشویش پیدا کر دی ہے، اور علاقے کے رہائشی پولیس سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ قاتلوں کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔









