وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس، پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 میں ترامیم کی منظوری
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 میں مجوزہ ترامیم کی منظوری دے دی گئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئل ریفائنریز کی اپ گریڈیشن وقت کی اہم ضرورت اور ملکی توانائی تحفظ کے جامع نظام کا اہم ستون ہے۔ جدید ریفائنریز سے توانائی کی ضروریات بہتر انداز میں پوری کرنے، درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے اور ماحول دوست ایندھن کی فراہمی میں مدد ملے گی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ براؤن فیلڈ ریفائنریز سے متعلق پالیسی ترامیم کا مقصد ماحول دوست یورو-5 معیار کے پیٹرول اور ڈیزل کی پیداوار یقینی بنانا، فرنس آئل اور کم معیار کی پٹرولیم مصنوعات میں کمی لانا ہے۔
وزیراعظم نے اوگرا کی کارکردگی بہتر بنانے، توانائی کے شعبے میں مسابقت، شفافیت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اصلاحات متعارف کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پالیسی پر مؤثر اور بروقت عملدرآمد میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیراعظم نے ترمیمی پالیسی کی تشہیر کیلئے قطر، سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں روڈ شوز منعقد کرنے اور ملک میں پٹرولیم مصنوعات کے اسٹریٹیجک ذخائر بڑھانے کی بھی ہدایت کی۔








