وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کے ڈیزائن کی منظوری دے دی

 وزیراعلیٰ پنجاب کی گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کے ڈیزائن کی منظور

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کے ڈیزائن کی باقاعدہ منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں منصوبے کے مختلف تکنیکی اور انتظامی پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ گوجرانوالہ کے تمام علاقوں کو فیڈر بسوں کے ذریعے میٹرو ٹرین سے منسلک کیا جائے تاکہ شہریوں کو مربوط اور آسان سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔ ٹریفک کے دباؤ میں کمی کے لیے منصوبے میں دو ٹنل سیکشن شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ 17 سے 19 کلومیٹر ٹریک کو انڈر گراؤنڈ گزارنے کی اصولی منظوری بھی دی گئی ہے۔

منصوبے کے تحت گکھڑ سے ایمن آباد تک 31.5 کلومیٹر طویل ماس ٹرانزٹ سسٹم تعمیر کیا جائے گا، جس میں مجموعی طور پر 24 اسٹیشن قائم کیے جائیں گے، جن میں سے دو اسٹیشن انڈر گراؤنڈ ہوں گے۔ مزید برآں، گرجاکھ، چن دا قلعہ اور گوندلا والا کے مقامات پر ڈپو بھی تعمیر کیے جائیں گے۔

حکام کے مطابق اس جدید ٹرانزٹ سسٹم میں یومیہ 26 لاکھ مسافروں کے سفر کی گنجائش ہوگی۔ منصوبے کے تحت ہر اسٹیشن اور ڈپو پر سولر سسٹم نصب کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ 62 کلومیٹر طویل ڈرین اور ایک جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر بھی قائم کیا جائے گا تاکہ نظام کو مؤثر انداز میں چلایا جا سکے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے گوجرانوالہ کا ٹرانسپورٹ کلچر یکسر تبدیل ہو جائے گا اور شہریوں کو ایک جدید، محفوظ اور معیاری سفری نظام میسر آئے گا۔

More News