وزیر اعلیٰ پنجاب کا سرمایہ کاروں کیلئے خصوصی مراعاتی پیکج کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب کا سرمایہ کاروں کے لیے خصوصی مراعاتی پیکج، گرین انڈسٹریل اکنامک زون کی اصولی منظوری

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے خصوصی مراعاتی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے صوبے میں جدید گرین انڈسٹریل اکنامک زون کے قیام کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ اس منصوبے پر عملدرآمد کے لیے متعلقہ اداروں سے جامع ایکشن پلان طلب کر لیا گیا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے پنجاب میں سرمایہ کاری، صنعتی ترقی، روزگار کے مواقع اور برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

یہ فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب سے اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) کے وفد کی ملاقات کے دوران کیا گیا، جس میں چیئرمین او پی ایف سید قمر رضا نے گرین انڈسٹریل اکنامک زون کے مجوزہ منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وفد نے او پی ایف اور گرین انرجی گروپ کے اشتراک سے عالمی معیار کا گرین اکنامک زون قائم کرنے کی تجویز پیش کی، جس کا بنیادی مقصد صاف توانائی کے فروغ، جدید صنعتوں کے قیام، برآمدات میں اضافے اور نئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ مجوزہ اکنامک زون میں جدید کلین انرجی انفراسٹرکچر قائم کیا جائے گا، جس میں سولر، ونڈ، ہائیڈرو، گراؤنڈ سورس انرجی، بیٹری اسٹوریج اور ایچ وی او بیک اپ سسٹمز شامل ہوں گے۔ اس منصوبے کے ذریعے صنعتوں کو ماحول دوست، کم لاگت اور پائیدار توانائی فراہم کی جائے گی، جس سے پیداواری لاگت میں کمی اور صنعتی شعبے کی مسابقتی صلاحیت میں اضافہ متوقع ہے۔

حکام کے مطابق اس منصوبے سے 18 ہزار سے زائد براہِ راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، جبکہ سالانہ 5.6 ارب روپے سے زیادہ آمدن حاصل ہونے کی توقع ہے۔ ماحول دوست مصنوعات کی برآمدات میں اضافے کے ذریعے قومی معیشت کو بھی فائدہ پہنچے گا اور مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں تقریباً 1.5 فیصد اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ منصوبہ کاربن کے اخراج میں کمی اور پاکستان کے نیٹ زیرو اہداف کے حصول میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب سرمایہ کاری کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور حکومت ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے میں نئی صنعتوں کے قیام کے لیے زیرو ٹائم ٹو سٹارٹ پالیسی نافذ کر دی گئی ہے، جبکہ ون ونڈو آپریشن کے تحت این او سیز اور دیگر سرکاری اجازت نامے تیزی سے جاری کرنے کا مؤثر نظام بھی قائم کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کار دوست، شفاف اور بیوروکریٹک رکاوٹوں سے پاک ماحول فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ سرمایہ کار اعتماد کے ساتھ اپنے منصوبوں پر کام کر سکیں۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ حکومت کا وژن پنجاب کو گرین انڈسٹری، صاف توانائی، جدید ٹیکنالوجی اور عالمی تجارتی سرگرمیوں کا علاقائی مرکز بنانا ہے، جس کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

More News